کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کی پارلیمان سے منظوری کو ناکام بنائیں گے، عوام دشمن حکومت عوام دوست بجٹ نہیں بناسکتی، ہر بجٹ سے پہلے عمران خان اعلان کرتے ہیں یہ سال ترقی کا ہوگا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازمین کی جانب سے بنائے گئے بجٹ کی منظوری پاکستان کی خودداری پر ایک حملہ ہوگا، عوام پی ٹی آئی کے کرتوتوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں، بھاری بھرکم ٹیکسوں کے ذریعے عام آدمی کی جیبوں سے پیسہ نکال کر خزانہ بھرنے کا دعوی کارنامہ نہیں بلکہ شرم کی بات ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سخت شرائط پر لئے گئے قرضوں اور ناقابل برداشت ٹیکسوں سے خزانہ بھرنے کا دعوی معاشی ترقی نہیں کہلاتا، ملک کے عام آدمی کے پاس مہنگی دوا خریدنے تک کے پیسے نہیں ہیں تو وہ خزانہ بھرنے کے عمران خان کے دعووں کا آخر کیا کرے گا ؟ دنیا کی مہذب ریاستوں میں معاشی ترقی کا صرف ایک پیمانہ ہے کہ عام آدمی کی زندگی خوشحال ہو، عمران خان کا ہر پاکستانی کو پونے دولاکھ روپے کا مقروض کر کے معاشی ترقی کے گن گانا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے جیسا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ عمران خان کا ہدف عام آدمی سے بھاری بھرکم ٹیکس وصول کر کے خزانہ بھرنا اور اپنے امیر دوستوں کو اس خزانے سے ایمنسٹی سکیمیں دینا ہے، پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیاں عوام دوست نہیں بلکہ چند سرمایہ داروں کے مفادات کے گرد گھومتی ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی وہ واحد سیاسی جماعت ہے کہ جس کی معاشی پالیسیاں عوام کے مفادات کی ترجمانی کرتی ہیں۔