کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی مجرم قرار دے دیا۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ جب پوری دنیا میں معاشی بحران آیا تھا، اس وقت بھی ملکی معیشت کا اتنا برا حال نہیں تھا کہ جتنا اکیلے عمران خان نے کردیا، عمران خان اپنے محسن ڈکٹیٹر پرویزمشرف کے دور میں ہونے والی 50 فیصد شرح غربت کے ہدف کے تعاقب میں ملک کو تباہی کی جانب لے جارہے ہیں،اگر عمران خان نہ روکا گیا تو وہ گھرگھر معاشی بدحالی کی ایسی آگ لگادیں گے کہ جسے دہائیوں میں بجھایا نہ جاسکے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اپنے پیچھے معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑ کرعمران خان شوکت عزیز اور پرویزمشرف کی طرح ملک سے باہر چلے جائیں گے، عمران خان کو اپنے معاشی جرائم پر ایک عام آدمی سے معافی مانگنا ہوگی،عمران خان کا جرم صرف مہنگائی کرنا نہیں بلکہ مہنگائی کرنے والی مافیا کی سرپرستی کرنا بھی ہے، دوسروں پر الزامات لگانے والے عمران خان اپنے گریبان میں جھانکیں، پاکستان کے عوام عمران خان کے معاشی جرائم پر انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔