کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جنگ بندی کے اعلان کے بعد مسجد اقصیٰ پر جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اپنی بدنیتی واضح کر چکا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد اقصیٰ کے تقدس کو پامال کرکے اسرائیل نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔ اسرائیل نے جنگ بندی کا جشن منانے والے نہتے فلسطینیوں پر حملہ کرکے مہذب دنیا کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد اسرائیل کی سیکیورٹی فورسز نے پیش قدمی کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں۔ اقوام عالم نیتن یاہو سے جواب طلب کرے کہ اسرائیلی جارحیت میں اب تک شہید ہونے والے 66 بچوں اور 39 عورتوں کا کیا قصور تھا؟
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حالیہ اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک 243 فلسطینیوں کی شہادت اور دو ہزار افراد کا زخمی ہونا انسانی المیہ ہے۔ مشرقی یروشلم پر اسرائیل کا قبضہ اقوام متحدہ کے لئے ایک ٹیسٹ کیس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پوری دنیا میں فلسطین کا مقدمہ لڑا۔ مظلوم فلسطینیوں کی آواز بن کر شہید بے نظیر بھٹو نے جرات مندانہ کردار ادا کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح فلسطین کے مظلوم انسانوں کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنے عہد کو نبھا رہی ہے۔