سٹیٹ بینک نے حکومت کے معاشی اعدادوشمار کی تصدیق نہیں کی، شہباز شریف

Published On 03 June,2021 05:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے معاشی اعدادوشمار پر بڑا سوالیہ نشان ہے، سٹیٹ بینک نے بھی اس کی تصدیق نہیں کی۔ جعلساز حکومت ہیرا پھیری کا ہنر جانتی ہے۔

شہباز شریف کا پری بجٹ سیمینار سے خطاب میں کہنا تھا کہ ماضی میں حکومت نے جو منی بجٹ بھی پیش کیے، وہ بھی سب کے سامنے ہیں۔ 3 سال میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ سی پیک اس وقت سست روی کا شکار ہے۔ معاشی شرح نمو منفی میں جا چکی ہے۔ حکومت کی 3 سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ حکومت اچھا کام کرتی تو تعریف کرتے۔

پری بجٹ سیمینار سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہر وزیر اسمبلی میں کہتا ہے کہ سرکلر ڈیٹ کو کنٹرول کر لیا ہے۔ اگر کنٹرول کر لیا تو سرکلر ڈیٹ دگنا کیوں ہو رہا ہے؟ جب الیکشن چوری اور غیر نمائندہ حکومتیں آئیں گی تو پھرعوام کے ساتھ یہ ہوتا ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ 2018ء میں 11 روپے 72 پیسے آج بجلی کا یونٹ 19 روپے تک پہنچ چکا ہے۔ یہ حکومت کے کارنامے ہیں۔ حکومت کی بجلی کی آمدن اخراجات سے 300 ارب سے زائد ہے۔ بجلی کی قیمت میں تین سالوں میں 62 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ملک کا سب سے بڑا مسئلہ سرکلر ڈیٹ ہے جو کسی نہ کسی دن ادا کرنا ہوگا۔ ہماری حکومت نے 1150 ارب کا سرکلرڈیٹ چھوڑا جو آج 2150 ارب ہو چکا ہے جو اگلے دو سالوں میں تین ہزار ارب تک پہنچ جائے گا۔
 

Advertisement