کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان کا اب اگلی حکومت بنا کر مسائل حل کرنا قوم کے ساتھ مذاق ہے، ان کے معاشی ترقی کے دعوے زمین بوس ہوچکے، عوام اب کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا دعوی کیا اور عمران خان نے اقتدار میں آکر عام آدمی سے روزگار چھین لیا، عمران خان کی ناکام معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک کا متوسط طبقہ بھی غربت کا شکار ہوچکا ہے، اگر ملکی معیشت کی سمت کو درست کرنا ہے تو آئندہ عمران خان جیسے تجربوں سے ملک کو بچانا ہوگا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جب تک عوام کے پاس روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار نہیں ہوگا تو معاشی ترقی کا کوئی دعوی سچ نہیں ہوسکتا، پاکستان کے 20 کروڑ عوام کو مہنگائی کے حوالے کر کے عمران خان نے اپنے چند سرمایہ دار دوستوں کیلئے معاشی پالیسیاں بنائیں، پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں امیر، امیر سے امیر تر اور غریب، غریب سے غریب تر ہو رہے ہیں،
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیوں نے ہمیشہ ملک میں عام آدمی کی زندگی کو بہتر کیا، نوجوانوں کو روزگار کی ریکارڈ فراہمی سے لے کر پاک چین اقتصادی راہداری اور یورپ سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پی پی پی کے معاشی کارنامے ہیں۔