وزیر ریلوے اعظم سواتی حادثے کے مقام پر پہنچ گئے، امدادی کارروائیوں پر اظہار اطمینان

Published On 07 June,2021 03:42 pm

گھوٹکی: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی ہدایت پر وزیر ریلوے حادثے کے مقام پر پہنچ گئے، اعظم سواتی نے امدادی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے کے اندرابتدائی تحقیقاتی رپورٹ دی جائے گی، حادثے میں کوئی انسانی غفلت ثابت ہوئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اعظم سواتی تحصیل ہسپتال اوباڑو پہنچے جہاں انہوں نے جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے پاک آرمی، پولیس، لوکل ایڈمنسٹریشن اور عام لوگوں سمیت تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ بہت بڑا حادثہ ہے، خود صورتحال کو مانیٹر کروں گا۔

اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ جتنی بھی قیمتی جانیں ضائع ہوئی، ان کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں، دکھ ہوتا ہے ریلوے کے اندر اور ریلوے کے باہر بہت بڑا مافیا ہے، آج سے نہیں 30 سال سے نچوڑ کر کھا لیا، ابھی اوباڑو آیا، اب رحیم یارخان جاؤں گا، زخمیوں کی دیکھ بھال کریں گے۔
 

Advertisement