لاہور: (دنیا نیوز) ماڈل ٹاون کچہری عدالت نے ریاست مخالف بیانات کے مقدمے میں گرفتار لیگی رہنما جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 جون تک توسیع کر دی۔
ماڈل ٹاؤن کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ احسن رضا نے جاوید لطیف کے خلاف ریاست مخالف بیانات کے مقدمے پر سماعت کی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ چالان پراسکیوشن میں جمع کرایا تھا، جس پر اعتراضات لگے ہیں، چالان تکمیل کے مراحل میں ہے، مزید وقت درکار ہے، عدالت سے استدعا ہے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کا حکم دیا جاٸے۔ عدالت نے لیگی رہنما جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 جون تک توسیع کر دی۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید لطیف نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی فکر نہیں، ملک کی فکر ہے، ملک کا نظام تباہ ہو گیا، آئے روز ٹرین حادث ہو رہے ہیں، حکومت کسی چیز کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔