اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کرپٹ ترین وزرا کے جھرمٹ میں پارسائی کے دعویدار ہیں، چینی، گندم، ادویات، براڈشیٹ، رنگ روڈ میں وزیر مشیر پیسے کھاگئے، عوام حکمرانوں کو نشان عبرت بنائیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد سے ایک اور سکینڈل سامنے آئے گا کہ کس طرح حکومتی مشینری استعمال کر کے اربوں روپیہ کمایا گیا، چیئرمین نیب تھوڑی تکلیف فرمائیں اور عدالتوں میں آکر دیکھیں یہاں کیا ہو رہا ہے، وزیراعظم کا مشکور ہوں جنہوں نے فرمایا جس ملک میں حکمران کرپٹ ہو وہ تباہ ہو جاتا ہے، آج وفاق اور پنجاب میں کرپٹ ترین حکومتیں ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کا راج ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، کل اتنا بڑا ٹرین حادثہ ہو گیا جس پر حکومت کو کوئی ندامت نہیں، وفاقی وزراء نے سابق حکومت پر ٹرین حادثے کی ذمہ داری ڈال دی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ایک سیاسی جماعت ہیں، پیپلزپارٹی کی قیادت سے گزارش ہے کچھ ظرف ہوتا ہے، پیپلزپارٹی بات کرنے اور کام کرنے کا طریقہ سیکھ لے۔