لاہور: (دنیا نیوز) لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ رنگ روڈ کرپشن کیس میں اصل مجرمان کو بچایا جارہا ہے۔ شہبازشریف پر کوئی منی لانڈرنگ کا کیس نہیں، ان پر آج تک کوئی الزام ثابت نہیں ہو سکا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نون لیگی رہنما شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آفس میں ہر شخص پیسے بنانے میں لگا ہے، رنگ روڈ کرپشن کیس میں اصل مجرمان کو بچایا جا رہا ہے، حکومت ختم ہوتے ہی یہ رات کے اندھیرے میں بھاگیں گے۔
دوسری جانب احتساب عدالت نے شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ سمیت دیگر ریفرنسز پر سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے دوران حمزہ شہباز اور شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان نے پیش ہوکر حاضری مکمل کرائی۔ شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا وہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے اسلام آباد سے خصوصی طور پر آئے، لاہور میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے ، عدالت سے استدعا ہے کہ لمبی تاریخ دی جائے، جس پر عدالت نے تینوں ریفرنسز میں سماعت 14 جون تک ملتوی کردی۔