اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب صرف اپوزیشن کیلئے بنا، چینی کے معاملے پر وزیراعظم اور ان کی کابینہ قصور وار ہے، صرف ایک ذات سے معافی مانگتا ہوں، سپیکر یا کسی اور سے معافی نہیں مانگ سکتا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 40 فیصد چینی کے مالکان کو نیب میں بلایا جائے، چینی کا معاملہ سیدھا ہے، قصور وار وزیراعظم اور ان کی کابینہ ہے، نیب کا کیس بنائیں اور وزیراعظم سمیت وزرا کو جیل میں ڈالا جائے، پاکستانی عوام شناختی کارڈ ہاتھ میں لیکر ایک کلو چینی خریدنے کو تیار ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کل کورونا کا بد ترین دن تھا، 23 کروڑ کا ملک خیرات میں ویکسین لیکر لوگوں کو لگا رہا ہے، آج پاکستانی حکومت کورونا ویکسین کا ایک ٹیکہ خرید نہیں سکی، این سی او سی ناکام ہوچکی، اسے بند کریں، این سی او سی عوام کو تحفظ دے سکی نہ پالیسی بناسکی، پوری دنیا نے کورونا پر قابو پالیا، پاکستان میں کورونا بڑھتا جا رہا ہے، وہ دن دور نہیں جب دنیا پاکستان کیلئے بین الاقوامی سفری پابندیاں عائد کر دے گی۔