ای سی سی نے انڈیا سے چینی منگوانے کی سمری کی منظوری دی: شاہد خاقان

Published On 03 April,2021 03:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ای سی سی نے انڈیا سے چینی منگوانے کی سمری کی منظوری دی، جس میں لکھا گیا تھا کہ وزیراعظم نے اس کو پڑھا اور منظور کیا، قوم جاننا چاہتی ہے بھارت کے حوالے سے پالیسی کیا ہے۔

سابق وزیراعظم و لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہوتا ہے کس قسم کے حکمران ملک پر مسلط ہیں، ملک میں کیا ہو رہا ہے سب کو نظر آ رہا ہے، جس قسم کا وزیراعظم ہوگا اسی قسم کے مشیر ہونگے، جیسے مشیر ہونگے ویسا ہی وزیراعظم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا شیرازہ نہیں بکھر رہا، کشمیر کے شیرازے کی فکر ہے، پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے معاملات ہم ڈیل کرلیں گے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو 2 روپے فی کلو سستی چینی کے بدلے میں کشمیر کا سودا منظور نہیں، قوم جاننا چاہتی ہے ہماری مسئلہ کشمیر پر کیا پالیسی ہے۔
 

Advertisement