اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئین و قانون کے راستے پر چلنے تک ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، قومی اسمبلی یا پنجاب میں عدم اعتماد اقتدار نہیں، ملک کی خاطر ہوگا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے خود اعتماد کا ووٹ لینے کی آئین و قانون میں جگہ نہیں، عمران خان نے تقریر کے دوران اپوزیشن کو دھمکیاں دیں، وزیراعظم کی تقریر پر سپیکر قومی اسمبلی خاموش رہے، عمران خان کا اپنا وزیر خزانہ ایم این ایز کے ہاتھوں شکست کھا گیا، وزیر خزانہ کو اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیئے تھا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کرچکی، بلوچستان 70 کروڑ، سندھ میں 35 کروڑ دیئے گئے، ارکان اسمبلی سے 50، 50 کروڑ فنڈز کا وعدہ رشوت نہیں تو کیا ہے ؟ وزیراعظم کو اداروں نے اعتماد کا ووٹ لے کر دیا۔