کراچی: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی کرسی اب جہانگیر ترین کے ہاتھ میں ہے، وفاقی حکومت 7 ووٹوں کی برتری سے قائم جبکہ اس سے زائد ارکان ناراض رہنما کے ساتھ ہیں، پنجاب حکومت 8 یا 10 کی برتری سے قائم جبکہ ان کے پاس 30 سے زائد ایم پی ایز ہیں۔
سابق وزیراعظم و مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل جہانگیر ترین کے عشائیے میں 40 اراکین اسمبلی نے شرکت کی، ان کے وزیر مشیر کھلم کھلا تنقید کر رہے ہیں، عمران خان اور عثمان بزدار کا اقتدار جے کے ٹی کی ہاں یا ناں پر کھڑا ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے چھٹے چیئرمین کی تقرری بھی ہوگئی، جو ادارہ ملک کیلئے پیسے اکھٹے کرتا ہے اس کے سربراہ کی اوسطاً عمر 5 ماہ ہے، کسی کو نہیں پتہ ملک کا وزیر خزانہ کون ہے اور کام کون کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز بجلی، پٹرول کے نرخ بڑھ جاتے ہیں، جو بجلی کا بل 2 ہزار آتا تھا آج 5 ہزار تک پہنچ چکا ہے جس کا کوئی جوابدہ نہیں، وزیراعظم نے کبھی عام آدمی کے مسائل کی بات نہیں کی۔