حکومت کی ناکامی کے باعث پولیس اور شہریوں کی جانیں گئیں: شاہد خاقان عباسی

Published On 20 April,2021 10:09 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کی ناکامی کے باعث پولیس اور شہریوں کی جانیں گئیں، لاہور میں جو کچھ ہوا اس کے حقائق سامنے نہ آسکے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں، کسی کو پرواہ نہیں، وزیراعظم کی گزشتہ روز تقریر کی کسی کو سمجھ نہیں آئی، عمران خان میں ہمت تھی تو پارلیمنٹ میں تقریر کرتے، مذاکرات کرنے تھے تو پھر کالعدم قرار کیوں دیا؟۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر اسلامی دنیا میں کوئی دو رائے نہیں، حکومت جو وعدے کرتی ہے وہ پارلیمنٹ کے سامنے لانے چاہئیں، جس ملک کے وزیر جھوٹ بولتے ہوں وہاں کیا توقع رکھی جاسکتی ہے۔

 ادھر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن پر الزام لگانے کے بجائے قوم کو جواب دے، پاکستان میں آگ اور خون کا کھیل برداشت نہیں کرسکتے، ناموس رسالتؐ پر ہر مسلمان مر مٹنے کو تیار ہے، سنگین مسئلے پر حکومت نے غیر سنجیدہ رویہ روار کھا، حکومتی نااہلی اور غفلت کے باعث ملک بحران کا شکار ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بحران کو گفتگو سے حل کیا جائے تاکہ حالات نہ بگڑیں، وزیراعظم نے گزشتہ روز جو تقریر کی وہ سب کے سامنے ہے، کسی جماعت کی سپورٹ نہیں کر رہا، پاکستان کے دشمن ایسے حالات سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

Advertisement