لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب آب پاک اتھارٹی کے تحت صوبہ کے ہر قومی اسمبلی کے حلقہ میں چھ جبکہ صوبائی حلقے میں تین واٹر فلٹر پلانگ لگانے کااعلان کردیا گیا، گورنرپنجاب چوہدری محمد سرورکہتے ہیں کہ بغیر کسی سیاسی تفریق کے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں پلانٹس لگیں گے۔
گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے پنجاب کے وزراء اور ایم این ایز کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا جس میں وفاقی وزراء شاہ محمودقریشی، فواد احمد چوہدری، اسد عمر، سپیکر اسد قیصر، وزیر مملکت فرح حبیب، زرتاج گل، ڈاکٹر نوشین حامد سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
اس موقع پر چوہدری محمد سرور نے پینے کے صاف پانی کے سب سے بڑے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہر قوی اسمبلی کے حلقے میں 6،ہر صوبائی حلقے میں 3 فلٹر یشن پلانٹس لگائیں گے۔ جہاں ضروری ہوگا وہاں مزید فلٹر یشن پلانٹس لگانے کیلئے آب پاک تیار ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ آج پنجاب کی بیوروکریسی وفاقی اور صوبائی حکومت آب پاک اتھارٹی کیساتھ ہے۔ پنجاب آب اتھارٹی مکمل طور کرپشن فری ہے، شفافیت کو مکمل یقینی بنا رہے ہیں۔ وزیراعظم کی قیادت میں قوم سے کیے جانیوالا ہر وعدہ پورا کر یں گے۔ پینے کے صاف پانی کی راہ میں ایک منٹ کیلئے بھی کوئی رکاوٹ برداشت نہیں ہوگی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی جیسا منصوبہ خیبر پختونخواہ میں شروع کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب کے صاف پینے کے معاملے پر وفاق بھی پنجاب آب پاک اتھارٹی کیساتھ ہے۔
سپیکر، وزراء اور اراکین قومی اسمبلی نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، استقبالیہ میں چیئرمین آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل نے شرکاء کو جاری منصوبوں بارے بریفنگ دی۔