مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس،نیشنل الیکٹرک سٹی پالیسی متفقہ طورپرمنظور

Published On 21 June,2021 06:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں نیشنل الیکٹرک سٹی پالیسی 2021ء کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی ہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا تھا کہ آج ایک تاریخی دن ہے کہ سارے صوبوں نے نئی الیکٹرک سٹی پالیسی کی منظوری دیدی ہے۔ نئی پالیسی کی روشنی میں ذیلی شعبوں کے لیے 10 سے 12 پالیسیاں تشکیل دی جائیں گی۔

حماد اظہر نے کہا کہ نئی پالیسی پر تمام صوبوں کے ساتھ 100 سے زائد اجلاس ہوئے۔ نئی الیکٹرک سٹی پالیسی کے تحت شفاف انداز میں نئے توانائی منصوبوں کی منظوری دی جائے گی۔ نئی الیکٹرک سٹی پالیسی آئندہ 10 سال کے لیے ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی پالیسی میں متعین کردہ اصولوں کی بنیاد پر نیا نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا جائے گا۔ نئی پالیسی کے تحت قوم کو سستی اور ماحول دوست بجلی حاصل ہو سکے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ریٹیلرز پر نیا ٹیکس نہیں لگایا بلکہ انہیں ٹیکس دائرے میں لانے کا اقدام کیا۔ رواں سال 4700 ارب روپے جبکہ اگلے مالی سال 5300 ارب روپے کے ٹیکس جمع ہونے کی توقع ہے۔ آئندہ مالی سال وفاق صوبوں کو 700 ارب روپے اضافی فراہم کرے گا۔
 

Advertisement