لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے جناح ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عارف تجمل، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر یحییٰ سلطان اور سینئر پروفیسرز بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے جوہر ٹاؤن بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
پروفیسر ڈاکٹرعارف تجمل نے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو جوہر ٹاؤن بم دھماکے کے زخمیوں کو مہیا کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ جناح ہسپتال میں جوہر ٹاؤن بم دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پرنسپل عارف تجمل اور ایم ایس ڈاکٹر یحییٰ سلطان زخمیوں کے علاج کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ سینئر پروفیسرز کی مشترکہ ٹیم کی نگرانی میں بم دھماکے کے زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ دہشتگرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ جوہر ٹاﺅن میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں زخمیوں کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایت کی گئی ہے۔ جناح ہسپتال میں زخمیوں کی فہرست جلد آویزاں کر دی جائے گی۔