لاہور: (دنیا نیوز) جوہر ٹاون دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کےمطابق حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کار مکینک کو حراست میں لے لیا۔
ذارئع کے مطابق مکینک کو گاڑی کی تیاری اور مرمت میں مدد فراہم کرنے کے شبہ میں حراست میں لاگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے حراست میں لیے گئے شخص کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ تفتیشی ادارے تاحال گاڑی کو دھماکے کی جگہ چھوڑ کر جانے والے کو تلاش نہ کر سکے۔
دوسری جانب واقعے میں ملوث گرفتار ملزم ڈیوڈ پال کے گھر کا سراغ لگایا لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے میں ملوث گرفتار ملزم ڈیوڈ پال محمود آباد کا رہائشی ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے ڈیوڈ پال کے گھر کا سراغ لگایا۔ رات گئے ڈیوڈ پال کے گھر پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپہ بھی مارا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گھر کی تلاشی کے دوران چند دستاویزات قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔ چھاپے کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق پیٹر پال ڈیوڈ بحرین میں سکریپ اور ہوٹل کا کاروبار کرتا ہے، ملزم ڈیڑھ ماہ پہلے بحرین سے کراچی پہنچا تھا۔ ڈیوڈ نے ڈیڑھ ماہ کے دوران 3 بار لاہور کا دورہ کیا، 27 دن یہاں مقیم رہا۔ ملزم کے لاہور میں قیام کے دوران مختلف افراد سے رابطوں کے شواہد ملے ہیں۔ یاد رہے گزشتہ روز حساس ادارے نے ائیر پورٹ سے غیر ملکی شخص کو حراست میں لیا تھا۔