اقوام متحدہ کا اسلاموفوبیا کو عالمی امن کیلئےخطرہ قرار دینا قابل تعریف ہے،علامہ طاہر اشرفی

Published On 02 July,2021 06:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے اسلاموفوبیا کو عالمی امن کے لیے خطرہ قراردیا ہے، ہم اس بات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز بین المذاہب رواداری کے فروغ اور مذہبی مقدسات کے احترام کے لیے آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اتحاد، وحدت، اخوت اور رواداری کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں ملک گیر مہم شروع کر رہے ہیں، تمام مسالک سے رابطہ کریں گے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو تحفظ دیتا ہے۔ پاکستان امن کا داعی اور معاون ہے، بدامنی میں نہیں ہے، پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھی امید کرتا ہے کہ پاکستان کے خلاف بھی کوئی سرزمین استعمال نہیں ہوگی۔ افغانستان میں امن چاہتے ہیں اور افغان عوام کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان میں مذہبی بنیادوں پر تقسیم چاہتی ہے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ملک میں تمام مسالک مکمل امن وامان اور باہمی اتحاد سے اپنے مذہبی امور سرانجام دیتے ہیں، یہاں کوئی بھی مسلکی اور مذہبی اختلاف نہیں ہے۔

 

Advertisement