اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے ایسے طلبہ جنھیں تیاری کیلئے مزید وقت درکار ہے، ان کے سپلیمنٹری امتحانات اس سال ستمبر میں ہوںگے۔
احسن اقبال اور دیگر ارکان کی جانب سے امتحانات موخر کرنے کے بارے میں توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی پارلیمانی سیکرٹری وجیہہ اکرم نے کہا کہ یہ بھی یقینی بنایا جائے گا کہ بچوں کا تعلیمی سال ضائع نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے اختیاری مضامین میں امتحانات اور مختصر نصاب کے حوالے سے تمام فیصلے تمام وفاقی اکائیوں کی جانب سے متفقہ طور پر کئے گئے ہیں۔
وجیہہ اکرم نے یہ بھی واضح کیا کہ طلبہ کو کافی وقت دیا گیا تاکہ وہ اپنے آپ کو امتحانات کیلئے تیار کر لیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیٹ شیٹ میں تین سے دس دن کا وقفہ دیا گیا ہے تاکہ انھیں اپنا کورس دہرانے کا مناسب وقت ملے۔
تاہم احسن اقبال نے امتحانات کو چھ ہفتوں تک موخر کرنے کی تجویز پیش کی کیونکہ طلبہ نے دیا گیا مختصر نصاب ابھی تک دہرایا نہیں ہے۔
سپیکر نے کہا کہ وہ اس حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے وفاقی تعلیم کے وزیر شفقت محمود سے بات کریںگے جو اس وقت کسی سرکاری کام سے گلگت بلتستان میں ہیں۔ ایوان کا اجلاس اب کل دن گیارہ بجے ہوگا۔