فیصل آباد میں بھاری بھرکم سیاہ بیلوں نے خریداروں کو دیوانہ بنا لیا، شہریوں کا تانتا

Published On 11 July,2021 11:43 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کی نیاموآنہ مویشی منڈی میں فروخت کیلئے لائے گئے آسٹریلین نسل کے بھاری بھرکم سیاہ بیلوں کی جوڑی نے ہر کسی کو اپنا دیوانہ بنارکھا ہے، انہیں دیکھنے کیلئے آنے والے شہریوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔

چمکتی سیاہ کھال، موٹی غُصیلی آنکھیں اور اونچا قد، نیاموآنہ کی ماڈل کیٹل مارکیٹ میں لائے گئے سونا اور چاندی نامی بیلوں کی جوڑی کا ہر کوئی متوالہ بنا پھرتا ہے۔ 45 من وزنی آسٹریلن نسل کے یہ خوبصورت بیل روزانہ 15 لیٹر دودھ، مکھن، سائلیج، بادام اور دیگر طاقتور خوراک کھاتے ہیں، دیکھ بھال پر لاگت زیادہ آنے کی وجہ سے انکی قیمت بھی 40 لاکھ مانگی جارہی ہے۔

سونا اور چاندی اس قدر صفائی پسند اور نخریلے ہیں کہ انکے مالک کو دن میں تین ٹائم انہیں نہلانا پڑتا ہے اور بیٹھنے کیلئے بھی زمین پر کارپٹ یا ریت کے ڈھیر کا انتظام کرنا پڑتا ہے۔

انکے مالک کا کہنا ہے کہ طاقتور اور خوبصورت سونا اور چاندی کی پرورش میں انہیں تین سال سخت محنت کرنا پڑی اور اب انکے مالک اچھی قیمت ادا کرنے والے خریداروں کی راہ تکتے دکھائی دیتے ہیں تاکہ انہیں ان کی محنت کا صلہ مل سکے۔
 

Advertisement