کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے خورشید شاہ ضمانت کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے وکلا کو تحریری دلائل جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جمعہ تک دونوں فریقین تحریری دلائل جمع کرائیں، عدالت دلائل کا جائزہ لے کر فیصلہ سنائے گی۔
سندھ ہائی کورٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ ڈائریکٹر نیب سکھر عدالت میں پیش ہوئے۔
خورشید شاہ کے وکیل مخدوم علی خان نے عدالت کو بتایا کہ 44 گواہوں میں سے صرف 3 گواہوں کے بیانات ہوئے، عدالتی فیصلوں کے تناظر میں خورشید شاہ کو ضمانت دی جائے۔
عدالت نے ڈائریکٹر نیب سکھر سے مکالمہ کیا کہ بتائیں دو سال میں کیا کیا ؟ جس پر ڈائریکٹر نیب سکھر نے کہا کہ کچھ مہلت دی جائے، دستاویزات پیش کر دیں گے۔ جسٹس امجد علی نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس کو آج ہی سن کر فیصلہ کریں گے۔