اٹک: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک شاہان حاکمین خان قاتلانہ حملے میں سر پر گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق مرحوم پر اپنے گاؤں شین باغ جنازے میں شریک تھے۔ نماز جنازہ کے دوران مبینہ طور پر ان کے سوتیلے بھائی ملک محمد آصف کے بیٹے نے انہیں سر پر گولی مار کر شدید زخمی کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
گولی لگنے سے وہ موقع پر ہی بے ہوش ہو گئے۔ وہاں موجود لوگوں نے ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی جس نے موقع پر پہنچ کر انھیں ڈسٹرکٹ ہیڈزکوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کیا۔
تاہم ہسپتال انتظامیہ نے حالت تشویشناک ہونے پر انھیں راولپنڈی ریفر کر دیا۔ انھیں ایمبیولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
خیال رہے کہ ملک شاہان حاکمین خان سابق وزیر جیل خانہ جات، ہاؤسنگ فزیکل پلاننگ خوراک پنجاب سینیٹر ملک حاکمین خان مرحوم کے بیٹے تھے۔
سینیٹر ملک حاکمین خان ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں نصف درجن محکموں کے وزیر اور اس حلقہ سے 3 مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کے علاوہ سینیٹ آف پاکستان کے رکن بھی رہے ۔