کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ 5 جولائی کو تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ ترین دن کے طور پر یاد کیا جائے گا، آمر جنرل ضیا کی سربراہی میں فوجی بغاوت جمہوری امنگوں پر سفاک حملہ تھا، جمہوری اور آمریت پسند قوتوں کے درمیان جنگ آج بھی جاری ہے۔
5 جولائی 1977 کے حوالے سے پیغام میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 5 جولائی کو آمر جنرل ضیاء کی سربراہی میں فوجی بغاوت پاکستانی عوام کی جمہوری امنگوں پر سفاک حملہ تھا، اس بغاوت کے ذریعے وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی زیرِ قیادت جمہوری طور منتخب عوامی حکومت پر شبِ خون مارا گیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سقوط ڈھاکہ کے بعد ٹکروں میں بٹی ہوئی قوم کو متحد کیا، شہید بھٹو نے ان ٹکروں کو متحرک جمہوری نظام اور مضبوط معاشی ارادوں کے سائے تلے آپس میں جوڑ دیا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوری طور منتخب وزیر اعظم کی حیثیت سے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اتفاقِ رائے سے آئین کی منظوری کی سرپرستی کی، شہید بھٹو نے پاکستان کی میکرو اکانومی کی بنیادیں رکھیں، ہر پاکستانی کو شہریت اور پاسپورٹ کا حق دیا، قائد عوام نے ملک کو ایٹمی طاقت بننے کی راہ پر گامزن کیا، وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ریاست کو جمہوری بنایا، قائدِ عوام نے چند سلیکٹڈ افراد تک محدود اقتدار کو چھین کر عوام کو اختیارات منتقل کئے اور انہیں بااختیار بنایا۔