اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کے لئے نادرا کے دروازے بند کر دیئے گئے۔ ملک بھر میں نادرا دفاتر ویکسین نہ لگوانے والوں کو کوئی سہولت فراہم نہیں کریں گے۔
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی آفس میں داخلے کے لئے کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ لازم قرار دے دیا گیا۔ نادرا سہولیات فراہم نہ کرنے کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کے کہنے پر کیا گیا۔ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے نادرا کو مراسلہ بھجوایا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ ملک بھر میں قریب دو لاکھ افراد نادارا آفس میں آتے ہیں، بغیر ویکسین کے افراد کو نادرا آفس میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام نادرا دفاتر میں این سی او سی احکامات کے مطابق ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 21 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 618 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 76 ہزار 867 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 590 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 48 ہزار 509، سندھ میں 3 لاکھ 48 ہزار 385، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 39 ہزار 593، بلوچستان میں 28 ہزار 321، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 972، اسلام آباد میں 83 ہزار 831 جبکہ آزاد کشمیر میں 21 ہزار 256 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 51 لاکھ 52 ہزار 403 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 790 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 14 ہزار 605 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 181 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 21 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 618 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 832، سندھ میں 5 ہزار 613، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 365، اسلام آباد میں 785، بلوچستان میں 317، گلگت بلتستان میں 111 اور آزاد کشمیر میں 595 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔