کراچی:کینیڈا سےآنے والاکورونا مریض قرنطینہ سےفرار،حکام کی دوڑیں لگ گئیں

Published On 13 July,2021 04:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کینیڈا سے آنے والا کورونا وائرس کا مریض قرنطینہ سے فرار ہو گیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور حکومت سندھ کی دوڑیں لگ گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زین کامران نامی مسافر ترکش ائیر لائن سے کراچی ائیر پورٹ 6 جولائی کو آیا تھا۔ کورونا سے متاثرہ مسافر کو ائیرپورٹ ہوٹل میں قرنطینہ کیا گیا تھا۔

خبریں ہیں کہ زین کامران نامی کورونا کا یہ مریض اپنا پاسپورٹ بھی ائیرپورٹ ہوٹل میں چھوڑ گیا ہے۔ حکام نے متاثرہ شخص کی تلاش شروع کر دی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پورے ملک میں کورونا وائرس سے 21 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 22 ہزار 618 ہو گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 76 ہزار 867 ہو چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 590 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 48 ہزار 509، سندھ میں 3 لاکھ 48 ہزار 385، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 39 ہزار 593، بلوچستان میں 28 ہزار 321، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 972، اسلام آباد میں 83 ہزار 831 جبکہ آزاد کشمیر میں 21 ہزار 256 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 51 لاکھ 52 ہزار 403 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 790 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 14 ہزار 605 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 181 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 21 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 618 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 832، سندھ میں 5 ہزار 613، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 365، اسلام آباد میں 785، بلوچستان میں 317، گلگت بلتستان میں 111 اور آزاد کشمیر میں 595 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

 

Advertisement