وزیراعظم کا دورہ ازبکستان،پروقاراستقبالیہ تقریب، گارڈ آف آنر پیش

Published On 15 July,2021 04:40 pm

تاشقند: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر ازبکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں انھیں پروقار استقبالیہ تقریب میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ازبک فوج کے دستے نے وزیراعظم عمران خان کو سلامی دی۔ تقریب کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔ بعد ازاں ازبکستان کے صدر نے وزیراعظم کو کابینہ ارکان کا تعارف کرایا۔

وزیراعظم عمران خان کو اس دورے کی دعوت ازبک صدر نے دی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ اس دورے کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے تاشقند میں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیاں تاریخی، ثقافتی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضروت ہے، افغانستان کے پر امن سیاسی حل کے خواہاں ہیں، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت سے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوتا ہے، پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں سے منسلک ہے، تجارتی فروغ سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن خطے کیلئے بہت اہم ہے، پڑوسی ملک کے پر امن سیاسی حل کے خواہاں ہیں، ہمسایہ ممالک میں باہمی تجارت معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ضروری ہے، پاکستان، افغانستان اور ازبکستان ریلوے منصوبے سے اقتصادی انقلاب آسکتا ہے۔
 

Advertisement