لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبہ میں انقلاب برپا کر رہی ہے، شعبہ صحت میں اصلاحات متعارف کروا کر اہل پنجاب کے دل جیت لیے۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور وزیراعلی عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت صحت کے شعبہ میں انقلاب برپا کر رہی ہے، پہلی مرتبہ انسانی اور سماجی شعبوں کی ترقی و خوشحالی پر پیسہ خرچ کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے شعبہ صحت میں اصلاحات متعارف کروا کر اہل پنجاب کے دل جیت لیے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے شعبہ صحت کے مجموعی بجٹ میں 118 فیصد اضافہ کیا ہے، اس سال 369 ارب روپے سے پنجاب میں صحت کا شعبہ آسمان کی بلندیوں کو چھونے جا رہا ہے، یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پنجاب کے عوام کی دل کی آواز ہے، اب پنجاب کے ہر شہری کا مفت علاج ہوگا، پنجاب کے ہر خاندان کو 7 لاکھ 20 ہزار روپے سے سالانہ علاج معالجہ کی معیاری سہولیات بالکل مفت میسر ہو گی، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ڈویژن میں اس پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے۔