ڈی جی خان : (دنیا نیوز) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ڈیرہ غازی خان میں کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے لادی گینگ کے سرغنہ کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں آپریشن کے دوران ملزم نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کی تو اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں ملزم مارا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مارا گیا ملزم خدا بخش لادی کئی افراد کے قتل میں ملوث تھا جبکہ ہلاک ملزم سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
دوسری طرف آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ لاڈی گینگ کے سربراہ خدا بخش سمیت 10 کارندے مارے جاچکے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انعام غنی نے کہا کہ لاڈی گینگ کے سربراہ کے مارے جانے تک یہ کمرزور نہیں ہوسکتا تھا۔ ہم نے اس گینگ کے سہولت کاروں کو پکڑنا شروع کیا، کارروائی کے دوران لاڈی گینگ کا سربراہ خدا بخش اور اس کے ساتھی مارے گئے۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ خدا بخش لاڈی 41 وارداتوں میں ملوث تھا، یہ گینگ ابتدا میں موٹر سائیکل چھیننے کی واداتیں کرتا تھا۔ لاڈی گینگ نے بعد میں اغوا، بھتا خوری اور دیگر وارداتیں کرنے لگا، 10 ماہ قبل شروع ہونے والے آپریشن میں لاڈی گینگ کےکئی کارندےمارے گئے۔ لاڈی گینگ کے حوالے سے پولیس کارروائیوں پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔