لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عیدالاضحی کے تیسرے روز بھی صفائی آپریشن موثر انداز سے جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ روز کی طرح آج بھی صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں، صفائی آپریشن پر مامور گاڑیاں تسلسل کے ساتھ گلیوں سڑکوں اور محلوں کا گشت کریں، بروقت آلائشیں اٹھا کر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائی جائیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اور متعلقہ ادارے شہروں کو صاف ستھرا بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، شہروں کی صفائی کیلئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کئے گئے ہیں، شہریوں کو صفائی کے ضمن میں کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیئے، صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جہاں کہیں سے کوئی شکایت آئی، عملے کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی، ہر قیمت پر شہر صاف ستھرے نظرآنے چاہئیں، شہری قربانی کرنے کے فوراً بعد صفائی کیلئے قائم سیل پر رابطہ کر کے آلائشیں اٹھوائیں۔