لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ان ایکشن، بغیر پروٹوکول لاہور کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، وزیراعلی نے خود گاڑی ڈرائیو کی اور شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیوس روڈ، شملہ پہاڑی، ایمپرس روڈ، کوپر روڈ، منٹگمری روڈ، میکلوڈ روڈ اور لکشمی چوک میں صفائی آپریشن کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میوہسپتال روڈ، مال روڈ، ملتان روڈ، لٹن روڈ، فیروز پورروڈ، شاہ جمال، شادمان اور دیگر علاقوں میں صفائی انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے شہر کا تقریباً دو گھنٹے دورہ کیا، اس دوران کسی مقام پر ٹریفک نہیں روکی گئی۔
انہوں نے گاڑی روک کر صفائی آپریشن کرنے والے ورکرز سے گفتگو کی، انہوں نے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول دینے کے لئے اپنے فرائض ادا کرنے والے ورکرز کو شاباش دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صفائی آپریشن کو مزید تیز اور موثر بنانے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ شہر میں ز یرو ویسٹ آپریشن کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا- کوڑا کرکٹ اور آلائشوں کو جلد اٹھایا جائے۔ شہر کی صفائی کے لئے دن رات ایک کیا جائے-