کوئٹہ: (دنیا نیوز) عید قرباں پر بکروں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اکثر شہریوں نے بڑے جانوروں میں حصہ ڈال کر اجتماعی قربانی کے ذریعے سنت ابراہیمی ادا کی۔
ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی اجتماعی قربانی کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، کوئٹہ کے اکثر مقامات پر بڑے جانوروں کی قربانی کی جا رہی ہے۔ کوئٹہ کے جوائینٹ روڈ پر 71 بیلوں کی قربانی کی گئی جہاں اہل محلہ اور مسجد انتظامیہ کی جانب سے پانچ سو کے قریب حصہ داروں کے لیے اجتماعی قربانی کا انتظام کیا گیا تھا۔
اجتماعی قربانی میں حصہ ڈالنے والے بھی سنت ابراہیمی کے ادائیگی کےوقت موجود تھے، چھوٹے جانور مہنگے ہونے کے بعد اکثر افراد نے اجتماعی قربانی کو ترجیح دی۔ عید قرباں کے موقع پر صاحب استطاعت افراد بڑھ چڑھ کر سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہیں، جانور چھوٹا ہو یا بڑا قربانی کا اصل مقصد اللہ تعالی کی خوشنودی اور ثواب کا حصول ہے۔