لاہور: (دنیا نیوز) بڑی عید پر گوشت کے پکوانوں کا لازمی جزو خیال کی جانے والی سبزیوں اور سبز مصالحہ جات کے دام مزید بڑھ گئے، ایک ماہ میں ٹماٹر اڑھائی گنا مہنگے ہوچکے، لہسن، ادرک اور پیاز کی قیمت میں بھی تیزی کا رجحان ہے۔
ایک طرف گرمی کی شدت اور اوپر سے بقر عید پر مہنگائی کا تڑکا، بڑی عید پر مزے مزے کے پکوان مگر سبزیوں اور سبزمصالحوں کی قیمتوں نے پریشان کر دیا ہے۔ گرم موسم سے سبزیوں کی فصل متاثر ہوئی تو عید کے لئے طلب بھی بڑھ گئی، ایک ماہ کے دوران لال ٹماٹر اڑھائی گنا مہنگے ہو گئے۔ مارکیٹ میں ٹماٹر 60 روپے مہنگا ہو کر 40 روپے سے بڑھ کر 100 روپےفی کلو تک جا پہنچا، پیاز 20 روپے اضافے سے 60 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔
لہسن کی قیمت بھی 70 روپے بڑھی، فی کلونرخ 250 روپے ہو گئے۔
ادرک کی قیمت میں تیزی نے بھی حیران کر دیا، ادرک 100 روپے اضافے سے 600 روپے فی کلو تک بیچا جا رہا ہے۔ سبز مرچ کی بڑھتی قیمت نے کڑواہٹ بھی بڑھا دی، اس کے نرخ 70 روپے اضافے سے 150 روپے فی کلو تک جا پہنچے۔ آلو نیا 10 روپے مہنگا ہو کر 80 روپے اور آلو شوگر فری 60 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔
گوشت کی ڈش کے ساتھ سلاد لازمی جزو ہے مگر کھیرا بھی 20 روپے مہنگا ہو کر 80 روپے فی کلو ہو گیا ہے۔ عوام کہتے ہیں مہنگائی کا کوئی نہ کوئی جواز پہلے ہی تیار ہوتا ہے۔ اس بار بھی بڑے تہوار پر منافع خوری عروج پر ہے۔
دکاندار کہتے ہیں مارکیٹ میں موسمی اثرات سے قیمت میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے،ید پر طلب بڑھنا بھی مارکیٹ میں تیزی کا باعث بن جاتا ہے
انتظامیہ ریٹ لسٹ ہر روز جاری کرتی ہے لیکن اس پر عملدرآمد کہیں نظر نہیں آتا، من مانی قیمتوں سے عوام کو دوہری مہنگائی بھگتنا پڑ رہی ہے۔