صوبہ سندھ میں لا اینڈ آرڈر کی غیر تسلی بخش صورتحال، ناصر شاہ نے اعتراف کر لیا

Published On 23 July,2021 09:06 pm

سکھر: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے سندھ میں لا اینڈ آرڈر کی صورت حال غیر تسلی بخش ہونے کا اعتراف کر لیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے، جلد بہتری ہوگی۔ گورنر سندھ عمران اسماعيل سے اپیل ہے کہ صوبے مسائل وفاق کے سامنے اجاگر کریں۔

سکھر کے ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ سکھر سمیت سندھ میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر نہیں جس پر قابو پانے کے لیے وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا ہے۔

انہوں نے حلیم عادل شیخ پر مزید ایف آئی آرز کے اندراج کی بھی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جو شرارتیں ہیں اس حساب سے ان کیخلاف مزید قانونی کارروائیاں ہوسکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جس بھی چیز کا نوٹس لیتے ہیں وہ تباہ ہو جاتی ہے لہذا وہ کراچی سمیت سندھ بھر کا نوٹس نہ لیں اپنے وعدے پورے کرکے فنڈز جاری کریں۔

ناصر شاہ نے کہا کہ گورنر وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے مگر عمران اسماعيل وفاق کا نمائندہ ہونے کے باوجود سندھ کے مسائل پر بات کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے پچاسی ارب روپے خرچ نہ کرنے کا بیان انھیں زیب نہیں دیتا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران اسماعيل کو سندھ کے مسائل وفاق کے سامنے رکھنے چاہیں مگر انہوں نے کبھی ایسا نہیں کیا۔
 

Advertisement