بھارت کو سی پیک سے متعلق بیان دینے کا کوئی حق نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

Published On 24 July,2021 04:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے خطے میں سماجی اور معاشی ترقی ہوگی، علاقائی روابط بڑھیں گے۔ بھارتی پروپگنڈے سے اس کی اہمیت کم نہیں ہوگی، بھارت کو سی پیک سے متعلق بیان دینے کا کوئی حق نہیں ہے۔

بھارتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر نے جموں کشمیر تنازعے، افغان صورتحال اور سی پیک سے متعلق بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ بیان دیا۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ بھارت کا افغانستان میں سپائلر یا امن عمل کو نقصان پہنچانے والے ملک کا کردار عیاں ہے۔ بھارت افغانستان سے متعلق تشویش ظاہرکرنا بند کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے جھوٹے دعوے حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتے۔ جھوٹے دعوے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہوگا۔
 

Advertisement