پاکستان نے افغانستان کے نائب صدر کے الزامات مسترد کر دیئے

Published On 16 July,2021 09:37 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے افغانستان کے نائب صدر کے الزامات مسترد کر دیئے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم افغان حکومت کے اپنی سر زمین پر کارروائی کے حق کو تسلیم کرتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ افغان حکومت نے سپین بولدک میں طالبان کیخلاف فضائی کارروائی کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا، پاکستان نے افغان حکومت کے اپنی سر زمین پر کارروائی کا حق تسلیم کرتے ہوئے مثبت جواب دیا، پاکستان نے اپنے علاقے میں سکیورٹی فورسز اور آبادی کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے اس حوالے سے افغان ایئر فورس کیساتھ کوئی بات چیت نہیں کی، ایسے بیانات پاکستان کی افغان مسئلے کے حل کیلئے مخلصانہ کوششوں پر منفی اثر ڈالتے ہیں، پاکستان نے حال ہی میں 40 افغان سیکیورٹی اہلکاروں کو افغانستان واپس کیا، یہ سکیورٹی اہلکار فرار ہو کر پاکستان آگئے تھے، پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے پر عزم ہے، افغانستان میں امن کیلئے اس اہم موقع پر تمام توجہ سیاسی تصفیہ پر مرکوز ہونی چاہیے۔
 

Advertisement