کابل: (دنیا نیوز) طالبان کی پیش قدمی جاری ہے، ترجمان طالبان کا کہنا ہے کہ اسپن بولدک شہر اور بارڈر کراسنگ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
افغانستان میں طالبان پے در پے اہم علاقوں پر قبضہ کئے جا رہے ہیں، طالبان نے پاکستانی سرحد کے قریب اسپن بولدک کی بارڈر کراسنگ پر قبضہ کر لیا،ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے بولدک شہر سمیت دیہاتوں، سرحدی چوکیوں اور افغان امیگریشن کا بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے، قبضے کے بعد طالبان نے اپنا پرچم لہرا دیا۔
طالبان نے رات گئے اسپن بولدک شہر پر حملہ کیا تھا، گروپ نے افغان علاقے ویش منڈی پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔ ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا ہے کہ علاقے میں عام شہریوں اور تاجروں کو تحفظ دیا جائے گا۔
پاکستانی فورسز بھی علاقے میں متحرک ہو گئیں، سرحد ہر طرح کی نقل وحرکت کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
ادھر برطانوی وزیر دفاع بین ویلیس نے اخبار کو انٹریو دیتے ہوئے کہا کہ اگر طالبان بعض بین الاقوامی ضوابط کی پاسداری کریں تو ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اگر طالبان انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہیں تو برطانیہ اپنے تعلقات پر نظر ثانی کرے گا،
انہوں نے تسلیم کیا کہ طالبان کے ساتھ کام کرنا ایک متنازع معاملہ ہوگا۔