اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بدھ کے روز دو روزہ دورے پر بحرین روانہ ہوں گے، جہاں وہ پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے دوسرے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریںگے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ دوسرے مشترکہ وزارتی کمیشن اجلاس کی پاکستان کی جانب سے صدارت کریں گے۔
مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے دوران دونوں جانب سے ماہرین کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جس میں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بیرون ملک ملازمت، زراعت، اطلاعات و نشریات، سیاحت اور دوسرے باہمی دلچسپی کے امور پر بات ہوگی۔
دورے کے دوران وزیر خارجہ بحرین کی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن رشید الزیانی سے بھی ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں باہمی تعلقات کے استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امو ر پر بھی بات ہوگی۔