بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر چین پہنچ گئے ہیں۔
چین کے چینگڈو ہوائی اڈے پر وزارتِ خارجہ چین کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ ہفتے کو چین کے صوبے سیچوان کے دارالحکومت چینگڈو میں پاک چین دو طرفہ وفود کی سطح پر منعقدہ مذاکرات میں شرکت کریں گے اور پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
ان مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر ہونیوالی پیش رفت، کورونا ویکسین کی دستیابی، انسداد دہشت گردی، دفاعی وسیکورٹی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وفود کی سطح پر ہونیوالے پاک، چین مذاکرات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
وزیر خارجہ دورہ چین کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ ای سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان ستر سالہ کامیاب سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح روابط کے فروغ کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔