اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ جمعہ کو چین کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیر خارجہ چین کے صوبے سیچوان کے دارالحکومت چینگڈو میں، پاک چین دو طرفہ وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
ان مذاکرات میں دو طرفہ امور، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیشرفت، کورونا ویکسین، انسداد دہشت گردی، دفاعی وسکیورٹی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ اپنے مختصر دورہ کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دورہ چین کی دعوت، ان کے چینی ہم منصب وانگ ژی نے دی تھی۔
وزیر خارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی اور سٹریٹیجک تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔