اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی خوشحالی پاکستان کی ترقی ہے، دونوں ممالک نے ہر مشکل میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، مشکل حالات میں سعودیہ کی معاونت پر مشکور ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ فرحان بن فیصل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی، معاشی تعلقات مزید مستحکم بنانے پر بات چیت ہوئی، سعودی عرب کی خوشحالی اور ترقی کو اپنی ترقی سمجھتے ہیں، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب میں مذہبی، ثقافتی، برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، مشکل حالات میں سعودی قیادت کی جانب سے معاونت پر مشکور ہیں، مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب کا مؤقف قابل ستائش ہے، او آئی سی میں مثبت کردار پر سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سعودی سالمیت کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں، ہر پاکستانی کے دل میں سعودی عرب کیلئے والہانہ عقیدت ہے، اعلیٰ سطح رابطوں سے دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت ملی، جامع مذاکرات سے افغان مسئلے کا سیاسی حل نکالا جائے، افغان مسئلے کے حل کیلئے دنیا افغان قیادت پر زور دے۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ مذاکرات کا محور تجارتی تعاون بڑھانا تھا تاہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی مل کر آگے بڑھیں گے۔ اس پراتفاق کیا کہ امن و استحکام معاشی خوشحالی کی کنجی ہے، دونوں ملک مسئلہ کشمیر، فلسطین اور یمن سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات پر مل کر آگے بڑھیں گے، ملاقات میں افغاں مسلہ پر بھی بات چیت ہوئی۔
سعودی وزیرخارجہ نے کورونا وباء کے دوران حکومت پاکستان کے اقدامات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ سعودی عرب نے 17 لاکھ پاکستانیوں کو کورونا ویکسین لگائی ہے۔