پی پی38 ضمنی الیکشن:تحریک انصاف کےامیدوارنےمیدان مارلیا

Published On 28 July,2021 09:23 pm

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 کے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار نے میدان مار لیا ہے۔ انہوں نے اپنے مخالف مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق سبحانی کو شکست دی۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نوجوان امیدوار احسن سلیم بریار نے اپنے حریف امیدوار کو انتخابی میدان میں پچھاڑتے ہوئے 60588 ووٹ لے کر فتح حاصل کی اور (ن) لیگ کی سیٹ چھین لی۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری طارق سبحانی 53471 ووٹ لے سکے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی کارکنوں نے خوب جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا جبکہ خوشی میں مٹھائیاں بھی بانٹی گئیں۔

پی ٹی آئی امیدوار کی جیت پر خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عوام نے قومی خزانہ لوٹنے والوں کو مسترد کر دیا ہے۔ سیالکوٹ میں ضمنی الیکشن پرامن بنانے کا سہرا حکومت اور پی ٹی آئی قیادت کے سر جاتا ہے۔ عوام وزیراعظم عمران خان کے نظریے کی بھرپور تائید کر رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی امیدوار نے سات ہزار 117 ووٹوں کی لیڈ سے فتح حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ میرے کارکنوں کو (ن) لیگ نے نوٹوں سے خریدنے کی کوشش کی۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے نوٹ کے بجائے ووٹ کوعزت دی۔ سیالکوٹ کے پرامن انتخاب نے مخالفین کے دعوؤں کو غلط ثابت کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے کسی صوبائی وزیر یا عہدیدار کو حلقے میں نہیں دیکھا گیا، یہ ہے وہ تبدیلی اور نظام کو بدلنے کا عزم، میڈیا کی آنکھ گواہ ہے کہ ہمارے مخالفین نے الیکشن کمیشن قوانین کی دھجیاں اڑائیں۔ وزیراعظم کی واضح ہدایت تھی کہ الیکشن قوانین کی پاسداری کرنی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں کامیابی پر تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے خدمت، شرافت اور شفافیت کی سیاست کو کامیاب کرایا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پی ٹی آئی پر بھرپور اعتماد کے اظہار پر سیالکوٹ کے عوام خصوصاً پی پی 38 کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی نے مخالف جماعت کی نشست جیت کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں صرف دیانتداری کی ہی سیاست چلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مخالف جماعت کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ منہ کے بل جا گرا ہے۔ اس شاندار کامیابی پر اللہ تعالی کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔ تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار کی کامیابی موجودہ حکومت کے عوام دوست ایجنڈے کی فتح ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے عوام نے کرپٹ ٹولے کی منفی سیاست کو دفن کر دیا ہے۔ نتیجہ نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام تحریک انصاف کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ ثابت ہو گیا ہے کہ عوام شفاف اور عوام کی خدمت کرنے والی مخلص قیادت کے ساتھ ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی اب تک کی شاندار کارکردگی کی بدولت سیالکوٹ کے عوام نے سرخرو کیا ہے۔ کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے۔ امید ہے کہ احسن سلیم بریار حلقے کے عوام کی نمائندگی کا بھرپور حق ادا کریں گے۔ سیالکوٹ الیکشن میں شفافیت کا بول بالا ہوا ہے۔
 

Advertisement