آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم کون ہوگا؟ انٹرویو مکمل کر لیے گئے

Published On 29 July,2021 05:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کیلئے انٹرویو مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان سے بیرسٹر سلطان، خواجہ فاروق، تنویر الیاس اور اظہر صادق نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے امیداواروں سے مختلف سوالات کیے اور ان سے سیاحت، پن بجلی، معدنیات، صحت تعلیم وترقیاتی کاموں سے متعلق ویژن دریافت کیا۔ چاروں امیدواروں نے آزاد کشمیر سے متعلق اپنی اپنی ترجیحات سے آگاہ کیا۔

تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کوئی نمبر گیمز نہیں، سب متحد ہیں، فیصلوں کا اختیار وزیراعظم عمران خان کو دیا ہے۔

چودھری تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ خصوصی نشستوں پر پارٹی میں مشاورت جاری ہے۔ سپیکر، ڈپٹی سپیکر سمیت دیگر عہدوں کا انتخاب ہونا ہے۔ پارٹی چیئرمین جو ذمہ داریاں دیں گے، اسے پورا کریں گے۔

خواجہ فاروق کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین سے مختلف امور اور خصوصی نشستوں پر مشاورت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت سمیت دیگر شعبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ خواہش ہے وزیراعظم عمران خان 5 اگست کو قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں۔

 

Advertisement