آزادکشمیرخواتین کی مخصوص نشتوں پرانتخاب، پی ٹی آئی نے3سیٹیں حاصل کرلیں

Published On 01 August,2021 06:38 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی مخصوص پانچ نشتوں کا انتخاب مکمل ہو گیا۔ پی ٹی آئی نے تین جبکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے مزید ایک ایک نشست اپنے نام کر لی۔

تفصیل کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی پانچ مخصوص نشتوں کے لئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی تین خواتین بلا مقابلہ منتخب ہو گئی ہیں۔

پی ٹی آئی کی طرف سے منتخب ہونے والی خواتین میں سے صبیحہ صدیق چودھری، امتیاز نسیم اور تقدیس گیلانی بلا مقابلہ منتخب ہوئیں۔

پیپلزپارٹی کی نبیلہ ایوب اور مسلم لیگ (ن) کی نثاراں عباسی بھی بلا مقابلہ منتخب ہوئیں۔

خواتین کی تین مخصوص نشتوں کے بعد قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 29، پی پی پی 12 اور ن لیگ کے ارکان کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔

ٹیکنو کریٹ ، علماء ومشائخ اور سمندر پار مقیم کشمیریوں کی خصوصی 3 نشتوں پر پیر کو پولنگ ہو گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ قانون ساز اسمبلی کے ہال میں صبح آٹھ سے دوپہر ڈھائی بجے تک ہوگی۔ آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن نے آٹھ مخصوص نشستوں کیلئے بائیس امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کی نئی منتخب قانون ساز اسمبلی کا افتتاحی اجلاس منگل کو ہوگا جس میں نئے منتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔
 

Advertisement