بھارتی سازشوں کے باوجود کشمیر پریمیئر لیگ شیڈول کے مطابق ہوگی، شہریار آفریدی

Published On 02 August,2021 08:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چئیرمین شہریار آفریدی نے کہا کہ بھارتی سازشوں کے باوجود کشمیر پریمیئر لیگ اپنے شیڈول کے مطابق ہوگی۔

اپنے بیان میں چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا کہ عالمی کھلاڑی ہرشل گبز اور تلکرتنے دلشان کشمیر پریمیئر لیگ میں حصہ لینے کیلئے منگل کو پاکستان پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں اور انکے کرکٹ بورڈز اور حکومتوں کو کرکٹ کو سپورٹ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،امید ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ہی فخر زمان، شاداب خان، عثمان قادر، امام الحق اور محمد حسنین کو کشمیر پریمیئر لیگ کھیلنے کیلئے این او سی جاری کردے گی۔

شہریار خان آفریدی نے کہا کہ بھارتی حکومت سے درخواست ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھے،کھیل عوام کو جوڑتے ہیں جبکہ نفرتیں لوگوں کو توڑتی ہیں۔ بھارتی حکومت اور بی سی سی آئی سے گزارش ہے کہ کرکٹ جینٹلمین گیم ہے۔ اسے اپنی گندی سیاست سے آلودہ نہ کرے۔