اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانیہ میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ویزے کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے بھائی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے سابق وزیراعظم سے برطانوی ہوم آفس کے فیصلے سے متعلق بات چیت کی ہے، لیگی قائد نے ہوم آفس کے فیصلے پر قانونی کارروائی سے متعلق آگاہ کیا۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران نواز شریف نے بتایا کہ میرے وکلاءنے ہوم آفس کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی ہے، اپیل میں طبی وجوہات اورعلاج کی بناء پر برطانیہ میں قیام کی وجوہات بیان کی گئی ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بھائی سے اصرار کیا کہ وہ مکمل علاج اور ڈاکٹروں سے اجازت ملنے تک برطانیہ میں ہی قیام کریں، قوم اور پارٹی کو آپ کی صحت وسلامتی سب سے زیادہ عزیز اورمقدم ہے۔ پوری قوم اور پارٹی آپ کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہے۔