راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے 28 علاقوں میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن 20 اگست تک نافذ رہے گا۔
جن علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے، ان میں پشاور روڈ کینٹ، ایئرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، چکلالہ سکیم 3 کینٹ، گلشن آباد، وارث خان، مری روڈ، شکرال ، آئی جے پی روڈ، عید گاہ اصغر مال بھی شامل ہیں۔ ان علاقوں میں مقررہ اوقات کے دوران اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں گی، تاہم شہریوں کی آمدورفت محدود رہے گی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 79 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 24 ہزار 266 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 89 ہزار 913 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 619 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 69 ہزار 358، سندھ میں 4 لاکھ 7 ہزار 892، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 50 ہزار 708، بلوچستان میں 31 ہزار 396، گلگت بلتستان میں 9 ہزار 137، اسلام آباد میں 92 ہزار 768 جبکہ آزاد کشمیر میں 28 ہزار 654 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 67 لاکھ 35 ہزار 31 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 ہزار 504 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 79 ہزار 411 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 656 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 79 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 24 ہزار 266 ہوگئی۔ پنجاب میں 11 ہزار 307، سندھ میں 6 ہزار 355، خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 624، اسلام آباد میں 827، بلوچستان میں 332، گلگت بلتستان میں 161 اور آزاد کشمیر میں 660 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔