اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمو دقریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں پاکستان کا کوئی فیورٹ نہیں، افغانستان کے مستقبل کافیصلہ افغانوں نے کرنا ہے۔ افغان جو بھی فیصلہ کریں گے وہ ہمیں قبول ہوگا۔ بھارت اس مسئلے کو الجھانے کی نہیں سلجھانے کی کوشش کرے
سرکٹ ہاؤس ملتان میں اتوار کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام چاہتاہے، افغان عوام کی بھی یہی خواہش ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ خوش دلی کے ساتھ حل ہونا چاہیے۔ افغان قیادت اس وقت آزمائش کے لمحات سے گزر رہی ہے۔ پاکستان پہلے روز سے کہہ رہا ہے کہ افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کئی سال سے کہہ رہے ہیں کہ افغان مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل ہوگا۔ اس وقت افغانستان کے مسئلے پر دنیا اور پاکستان ایک پیج پر ہیں۔ عاشورہ کے بعد میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک سے رابطہ کرکے ان کے ساتھ اس مسئلے پر تبادلہ خیال کروں گا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم افغانستان کی بہتری، امن واستحکام، خون خرابے سے بچاؤ اور عوام کا تحفظ چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت اس مسئلے کو الجھانے کی نہیں سلجھانے کی کوشش کرے، یہ خیر سگالی کے مظاہرے کا وقت ہے، رکاوٹیں کھڑی کرنے کا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے لاکھوں افغانوں کو پاکستان میں پناہ دی ان کے ساتھ عزت واحترام کے ساتھ پیش آئے۔