لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب سے ٹوکیو اولمپکس میں قوم کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں اور کے ٹو چوٹی سر کرنیوالے کوہ پیماؤں نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے انعامات کی رقوم کے چیک دیئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ٹوکیو اولمپکس میں قوم کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں ارشد ندیم، طلحہ طالب، کوچ سید فیاض بخاری اور کوہ پیماؤں ساجد علی سدپارہ اور شہروز کاشف نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو 10، 10لاکھ روپے جبکہ محکمہ انرجی کی طرف سے بھی 10، 10 لاکھ روپے کے چیک دئیے۔
عثمان بزدار نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے کوہ پیماؤں ساجد علی سدپارہ، شہروز کاشف کو 10،10 لاکھ روپے اور کوچ سید فیاض بخاری کو 5 لاکھ روپے کے چیک دئیے۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ٹوکیو اولمپکس میں ارشد ندیم اور طلحہ طالب نے ملک کا نام روشن کیا۔