لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب رواں دواں ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے پہلی بار با اثر بدعنوان عناصر پر ہاتھ ڈالا ہے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی اورنگزیب کھچی، صوبائی وزیر جہانزیب کھچی، اراکین پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ، افتخار گوندل، غضنفر عباس چھینہ اور دیگر نے ملاقات کی۔ ارکان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدار نے مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے دعوے زیادہ کیے اور کام کم، سابق حکمرانوں نے نمائشی منصوبے شروع کر کے عوام کی ضروریات کو نظر انداز کیا، ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا، پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ سابق ادوار میں قبضہ مافیا کی حکومتی سطح پر سرپرستی کی جاتی رہی، پنجاب میں قبضہ مافیا سے 450 ارب روپے مالیت سے زائد اراضی واگزار کرائی گئی ہے، واگزار کرائی اراضی کو فلاح عامہ کے مقاصد کیلئے استعمال میں لایا جا رہا ہے۔